حکومت کا لاک ڈاؤن میں توسیع، یکساں پالیسی اپنانے کا فیصلہ

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کرلیا، جس کا باضابطہ اعلان آج منگل کو کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی (این سی سی) اجلاس میں لاک ڈاؤن سے متعلق ملک بھر میں یکساں پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا، تعمیراتی سیکٹر کا پہلا فیز 14 اپریل سے کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی کوآرڈینیشن کمیٹی (این سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے درخواست کی کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل سندھ حکومت سے مشاورت کی جائے۔ وزیراعظم نے وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کی درخواست کو منظور کرلیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا اعلان منگل کو کیا جائے گا اور تعمیراتی سیکٹر کا پہلا فیز بھی 14 اپریل سے کھول دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن سے متعلق ایک جیسی پالیسی ہو جبکہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کو مزید توسیع دینے کا اعلان بھی کل کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے جزوی لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی مدت 14 اپریل کو ختم ہورہی ہے۔