بنوں : سرکاری امداد میں رشتہ داروں کے نام ڈالنے پر 13 ملازمین معطل

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں غیر مستحق افراد اور رشتے داروں کو شامل کرنے پر 6 اساتذہ سمیت 13 سرکاری ملازمین کو معطل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر بنوں نے دیہاڑی دار مزدوروں کا ڈیٹا جمع کرنے کیلئے ویلج کونسل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی تھیں جن میں ویلج کونسل کے سیکرٹریز اور سرکاری ٹیچرز شامل تھے۔

متعدد مقامات پر کمیٹی کے ارکان نے مستحقین کی جگہ اپنے رشتہ داروں کو اور صاحب استطاعت افراد کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں شامل کیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے 6 سیکرٹریز اور ایک پٹواری کو معطل کر دیا اور اساتذہ کے خلاف کارروائی کیلئے محکمہ تعلیم کو سفارش کی۔

اس پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بنوں نے 6 اساتذہ کو معطل کرکے باقاعدہ ان کی معطلی کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے۔