لوگوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے لاک ڈاؤن کیا ہے

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے محکمہ صحت مردان کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام ہدایات پر عمل کریں، عوام کے تعاون کے بغیر کورونا سے نہیں لڑ سکتے ہیں۔

مردان میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے عبدالولی خان یونیورسٹی میں قائم قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعلٰی نے پولیس کی جانب سے سلامی لینے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ سلامی کے حقدار ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی عملہ ہے، انہیں سلامی دی جائے۔

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے لاک ڈاؤن کیا ہے، محکمہ صحت کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انصاف کی حکومت میں سب کے ساتھ انصاف ہوگا، پورے صوبے کا وزیراعلٰی ہوں مردان دوسرا گھر ہے، مردان میں کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹی بنا رہے ہیں، بعض لوگوں نے مشورہ دیا کے گھر سے باہر نہ نکلوں کچھ ہوا تو اچھا اثر نہیں ہوگا۔