چارسدہ : ایک ہی گھر کے تین افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

چارسدہ میں کورونا وائرس کے مزید 4 نئے پازیٹیو کیسز سامنے آگئے۔ چارسدہ ڈسٹرکٹ فوکل پرسن ڈاکٹر فیروز شاہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تین افراد کا تعلق اسماعیل کے گھرانے سے ہے جسکا 2 روز قبل ٹیسٹ پازیٹیو آیا تھا. انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ افراد میں محمد اسماعیل کی بیوی, بہن اور بہنوئی شامل ہیں جنکا تعلق علاقہ اتمانزئی سے ہے۔

فوکل پرسن نے کہا کہ محمد اسماعیل 30 مارچ کو کراچی سے واپس گھر آیا ہوا تھا، انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ پازیٹیو آنے کے بعد تمام مریضوں کو گھر میں کورنٹائن کردیا گیا۔

دوسری جانب محکمہ ریلیف کے مطابق تنگی شکور سے تعلق رکھنے والا 66 سالہ شخص محمد اکبرمیں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ 66 سالہ متاثرہ شخص کے بارے میں محکمہ ریلیف کا کہنا ہے یہ شخص بلوچستان میں تبلیغ کے سلسلے میں گیا تھا جو کہ چند دن پہلے لوٹ کر واپس آیا ہے۔

یاد رہے کہ نئے کیسز آنے کے بعد ضلع بھر میں تعداد 6 ہوگئی. ضلع بھر میں اب تک 20 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں, جن میں 14 نیگیٹو جبکہ 6 پازیٹیو آئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے مطابق 6 کیسز میں ایک مریض چند روز قبل صحت یاب ہو کر ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔