وزیر مواصلات اکبر ایوب کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں سب سے پہلے سرکاری ٹھیکوں کیلئے ای بِڈنگ اور ای بِلنگ سسٹم کا آغاز کیا گیا ضم شدہ اضلاع تک بھی جسے توسیع دیدی گئی ہے۔
سول سیکرٹریٹ پشاور میں صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اکبر ایوب نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر کا کام بھی جلد شروع کیا جا رہا ہے، اس وقت صوبہ بھر میں 18 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔
وزیر مواصلات کے مطابق قبائلی اضلاع میں 50 تا 60 کلومیٹر سڑکیں دیہی جبکہ دیگر سڑکیں اربن ایریاز میں تعمیر کی جائیں گی۔
اکبر ایوب نے کہا کہ صوبے میں قومی شاہراہوں کو مزید وسعت جبکہ بعض سڑکوں کی ازسر نو تعمیر کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں سوات موٹر وے میں مزید 80 کلومیٹر توسیع کیلئے الگ پیسے رکھے گئے ہیں، سالانہ 3 سو کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کا پلان تیار کیا گیا ہے جبکہ پشاور تا ڈی آئی خان 300 کلومیٹر موٹر وے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔
وزیر مواصلات کے مطابق بے قاعدگیوں اور کرپشن میں ملوث سو ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔
اکبر ایوب کے مطابق سی اینڈ ڈبلیو کو ملک کی پہلی موٹر وے کی تعمیر کا اعزاز حاصل ہے۔