پختونخوا حکومت : بی آر ٹی منصوبے پر تعمیراتی کام جاری رکھنے کی ہدایت

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبے پر تعمیراتی کام کو لاک ڈاؤن کی پابندیوں سے مستثنٰی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ ریلیف وبحالی خیبر پختونخوا نے محکمہ ٹرانسپورٹ، پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) اور لوکل گورنمنٹ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی منصوبے پر تعمیراتی کام میں التواء محنت کشوں اور عوام کے مفاد میں نہیں، حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے منصوبے پر کام جاری رکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اکتوبر 2017ء میں بی آر ٹی منصوبے کا آغاز کیا تھا اور اس منصوبے کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم ڈھائی سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود ابھی تک یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو نہیں پہنچ سکا اور اس منصوبے پر اٹھنے والی لاگت میں بھی اربوں روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔

اس منصوبے کی ابتدائی لاگت 50 ارب روپے کے قریب تھی، تاہم اقتصادی ماہرین کے مطابق اب اس کی لاگت 70 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔