ضلع کرم کے زائرین کو واپس لانے کے تمام تر انتظامات مکمل

ضلع کرم کے ڈپٹی کمشنر شاہ فہد نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور سے زائرین کو لانے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ٹیسٹ کا رزلٹ آنے کے بعد انہیں ضلع کرم لایا جائے گا۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ضلع کرم کے ڈپٹی کمشنر شاہ فہد نے کہا کہ پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ایران سے آئے ہوئے زائرین جو کہ قرنطینہ سنٹر یا آیسولیشن سنٹر میں موجود ہیں ان کے کرونا ٹیسٹ لئے جارہے ہیں اور جن کے ٹیسٹ کلیئر آئیں گے انہیں ضلع کرم لانے کیلئے تمام تر انتظامات کر لئے گئے ہیں اور کرونا ٹیسٹ کا رزلٹ آنے کے بعد انہیں ضلع کرم لایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ قرنطینہ سنٹر اور آیسولیشن سنٹر میں موجود زائرین کو تمام تر سہولیات دی جارہی ہیں اور وہ اس سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور کی ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ضلع کرم شاہ فہد کا کہنا تھا کہ ضلع کرم میں جن دو افراد کے ٹیسٹ پازیٹیو آگئے تھے ان کے دوبارہ اسلام آباد سے ٹیسٹ کرائے گئے جو نیگیٹو آگئے ہیں اور اللہ کے فضل و کرم سے اب ضلع کرم میں کرونا وائرس کا کوئی پازیٹیو کیس موجود نہیں ہے تاہم ضلع بھر میں کرونا وائرس سے شہریوں کو بچانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔