صوبائی حکومت کا 11 اپریل تک تمام سرکاری دفاتر بند کرنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر خیبرپختونخوا حکومت نے 6 اپریل سے 11 اپریل تک تمام سرکاری دفاتر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اس سلسلے میں محکمہ ریلیف و آباد کاری کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، چھٹیوں میں اضافے کا اطلاق پہلے سے جاری شدہ اعلامیے کے مطابق ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، ٹاون میونسپل ایڈمنسٹریشن و دیگر پر نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل  خیبرپختونخوا حکومت نے اس سے پہلے 5 اپریل تک سرکاری دفاتر بند کرنے کا اعلامیہ جاری کیا تھا جس میں اضافہ کیا گیا۔

یہ بھی یاد رہے کہ 27 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے ہدایت نامہ جاری کر دیا جس کے تحت ملنے ملانے کے روایتی طریقوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

بعدازاں 23 مارچ کو انسداد کورونا وائرس کے اقدامات جاری رکھتے ہوئے خیبرپختونخوا حکومت نے ہفتہ 28 مارچ تک تمام سرکاری اداروں میں عام تعطیل کا نوٹیفیکشن جاری کیا تھا۔