پنجاب سے آٹے کی سپلائی بہتر ہو رہی ہے

خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری نے صوبے میں گندم اور آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر تمام اضلاع کے اعداد و شمار لینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے محکمہ خوراکے کے کنٹرول روم کے دورے کے موقع پر فوڈ حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ صوبے کے تمام 177 فلور ملوں میں کوٹے کے مطابق گندم کی پسائی یقینی بنائی جائے اور قوانین کی پاسداری نہ کرنے والے ملز کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام فلور ملوں میں کیمرے نصب کرکے انہیں محکمہ خوراک کے کنٹرول روم کے ساتھ منسلک کیا جائے اور محکمہ اضلاع میں آٹے کی سپلائی کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر مقامی انتظامیہ سے بھی رابطے میں رہیں۔

انہوں نے صوبے میں ارزاں قیمت آٹے کی فراہمی کے لئے محکمہ خوراک پر زور دیا اور کہا کہ تمام اضلاع میں قائم فارمر بازاروں کو سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے-

اس موقع پر سیکرٹری خوراک نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے پنجاب سے آٹے کی سپلائی کم ہوئی تھی جو کہ اب بہتر ہو رہی ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی پھیلاو کے باعث ملک میں جزوی لاک ڈاؤن کے ساتھ ہی خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں اور مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کی بوری کی قیمت 1100 سے 1200 تک پہنچ گئی ہیں جس کی عام حالات میں قیمت 800 روپے تھی۔