پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2046 ہوگئی

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے جب کہ مزید کیس سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2046 تک جا پہنچی ہے۔ منگل کو پاکستان میں کورونا سے تین ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے سندھ میں 2 اور خیبرپختونخوا میں ایک ہلاکت ہوئی۔

پاکستان میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 9، سندھ 8، خیبرپختونخوا 6، بلوچستان ایک اور گلگت بلتستان میں 2 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

پاکستان میں منگل کو کورونا وائرس کے 252 نئے کیسز سامنے آئے جن میں سے سندھ میں 110، پنجاب 57، گلگت میں 36، خیبرپختونخوا میں 32، بلوچستان میں 10 اور اسلام آباد میں 7 کیسز سامنے آئے۔

پاکستان میں آج اب تک کورونا وائرس کے103 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو سندھ، بلوچستان اور گلگت  بلتستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ میں آج بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم محکمہ صحت کی سمری میں ان کیسز کی نشاندہی نہیں کی گئی اور مجموعی نمبر 676 سے 679 بتایا گیا ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کی سمری کے مطابق صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 679 ہوگئی ہے جن میں سے کراچی سے کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔

بلوچستان میں آج بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی۔ صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 158 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان میں آج بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 184 ہوگئی ہے۔

پنجاب میں منگل کو مزید 57 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 708 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیرہ غازی خان زائرین، ملتان، رائے ونڈ اور فیصل آباد قرنطینہ میں 337 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔

گزشتہ روز منگل کو خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ صوبائی حکومت کے فوکل پرسن نے صوبے میں اموات کی تعداد 6 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی جس میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

دوسری جانب گزشتہ روز صوبے میں 32 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 253 تک جاپہنچی ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں منگل کو کورونا وائرس کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی تعداد 58 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر میں اتوار کے بعد سے تاحال کورونا وائرس کا اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا البتہ اتوار کو 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ آزادکشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے مزید 4 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آزادکشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔