ڈمپر میں چھپ کر کراچی سے باجوڑ جانے والے 60 افراد گرفتار

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

گڈاپ پولیس نے 60 مسافروں کی غیر قانونی طور پر ڈمپر میں چھپ کر باجوڑ جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔

کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن اور ٹرانسپورٹ کی بندش کے بعد شہریوں نے گڈز ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر کی کوشش شروع کردی تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی نے کراچی کے علاقے گڈاپ میں ڈمپر کے ذریعے باجوڑ جانے کی کوشش کرنے والے 60 افراد کو حراست میں لے لیا۔

ایس ایچ او گڈاپ سٹی نعمت بھٹی نے بتایا کہ مسافروں نے 2 لاکھ روپے میں ڈمپر بک کرایا تھا تاہم پولیس نے سپرہائی وے پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر کراچی سے باجوڑ جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ڈمپر سے 60 مسافروں کو اتروا لیا اور3 گھنٹے تک حراست میں رکھا.

پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے ڈمپر تحویل میں لے لیا جبکہ مسافروں کو تحویل میں لے کرکورونا سے بچاؤ کی آگاہی دینے کے بعد رہا کردیا گیا۔

ایس ایچ او گڈاپ نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ مافیا کی جانب سے ٹرک اور ڈمپروں میں مسافروں کو بجھوانے کےمتعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں جنہیں پولیس نے ناکام بنایا ہے جبکہ متعدد گاڑیاں تحویل میں لی گئی ہیں۔