چین سے مزید وینٹی لیٹرز، این 95 ماسک اور حفاظتی لباس پہنچ گئے

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

پاک فضائیہ کا طیارہ چین سے امدادی سامان لیکر اسلام آباد پہنچ گیا۔

خیال رہے کہ پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ بیڑے کو COVIDـ19 کی روک تھام کے لیے ہمسایہ ملک چین سے مختلف امدادی اور طبی سامان کی نقل و حمل کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

اسی سلسلے میں چین سے امدادی سامان سے لیس پی اے ایف کا ILـ 78 طیارہ ہفتہ کی رات پی اے ایف بیس نور خان پہنچا ہے۔

چینی حکومت نے یہ امدادی سامان ملک میں اس مہلک وبا سے مؤثر طریقے سے نبٹنے کے لئے پاکستان کو بطور عطیہ بھیجا ہے، 14 ٹن امدادی سامان میں وینٹی لیٹر ، این 95 ماسک اور حفاظتی لباس شامل ہیں۔

یہ پرواز گذشتہ چند ماہ میں پاک فضائیہ کی امدادی پروازوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، اس کے علاوہ رواں سال کے اوائل میں COVIDـ19 سے متاثرہ چینی شہر ووہان بھی امدادی سامان پہنچانے کے لیے پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے کو استعمال کیا گیا۔

ان امدادی سرگرمیوں کے دوران کئی ٹن وزنی طبی سامان پاک فضائیہ کے طیاروں کے ذریعے منتقل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں مہلک کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے چین سے طبی آلات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور گذشتہ روز بھی چینی حکومت کی جانب سے پاکستان میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے طبی امدادی سامان لے کر تیسرا کارگو جہاز کراچی پہنچا تھا۔