کرم میں اینتھریکس بیماری پھیلنے سے درجنوں گائے ہلاک ہوگئی

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

ضلع کرم کےعلاقہ کڑمان میں جانوروں میں اینتھریکس کی بیماری پھیلنے سے درجنوں جانور ہلاک ہوگئے۔علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور بیماری پر قابو پانے کیلئے لوگوں نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ضلع کرم کڑمان کے قبائلی عمائدین ملک حاجی نثار حسین ، ملک دلدار ، حاجی ممتاز اور مرتضیٰ طوری نے میڈیا کو بتایا کہ چند دنوں سے ان کے علاقے میں مہلک بیماری جانوروں کو لگ گئی ہے جس سے اب تک درجنوں گائے ہلاک ہوگئی ہیں، لوگوں کےمطابق بیماری کا شکار ہوتے ہی گائے چند لمحوں میں مرجاتی ہیں جس کی وجہ سے لوگ سخت تشویش کا شکار ہیں۔

مقامی شخص انورعلی کا کہنا ہے کہ وہ انتہائی غریب ہے اور گائے مرنے کے بعد اب اللہ کے آسرے پر بیٹھ گئے ہیں۔ اسی طرح ملک دلدار کا کہنا ہے کہ لوگوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے حکومت ہنگامی بنیادوں پر بیماری کی روک تھام اور متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے اقدامات اٹھائیں کیونکہ تاحال کوئی پرسان حال نہیں اگر بیماری پر فوری کنٹرول نہ پایا گیا تو یہ وائرس پورے علاقے میں پھیل سکتا ہے۔

دوسری جانب ضلع کرم کے سینئر ویٹرنری آفیسر مظہرعلی کا کہنا ہے کہ علاقے میں اینتھریکس وائرس نے حملہ کیا ہے اطلاع ملنے پر ہم نے علاقے میں جانوروں کو ویکسین لگائے اور ٹیسٹوں کے لئے نمونے پشاور بھجوا دیے ہیں تاہم اینتھریکس وائرس سے جانور جلدی مرجاتے ہیں، مظہر علی کا کہنا تھا کہ چند سال قبل وسطی کرم میں بھی اس قسم کی بیماری پھیل گئی تھی جو بعد ازاں کنٹرول ہوگئی تھی۔