خوشی ہے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ زندگی میں ہی مل گیا: اداکارہ شبنم

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

ماضی کی مشہوراداکارہ شبنم نے کہا ہے انہیں خوشی ہے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ زندگی میں ہی مل گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کیا۔ خیال رہے کہ شبنم کو رواں برس پاکستان کے لکس سٹائل ایوارڈز میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کے حوالے سے انہوں نے کہا ’میرے لیے یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ یہ ایوارڈ میری زندگی میں مجھے ملا ہے، جو کام میں نے کیا، جو کام مجھے ملا، اس کی خوشی میں لفظوں میں بیان نہیں کر سکتی ہوں مگر یہ خوشی ہے کہ یہ ایوارڈ مجھے میری زندگی میں ملا ہے، مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے، اگر مرنے کے بعد ملتا تو کیا فائدہ؟‘

اپنی فلمی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ جب ہم انڈسٹری میں آئے تھے تو ہمارے پاس ایک چھوٹا سا ریڈیو تھا اور کچھ نہیں تھا اور اب جو لڑکیاں آ رہی ہیں ان کے پاس بہت میڈیم ہیں، اتنا کچھ ہے انٹرنیٹ، سوشل میڈیا تو چینجز تو آئیں گی۔

ایک سوال پر کہ آپ اُس دور میں بھی پوری سٹائل آئیکون تھیں، اداکارہ شبنم کا جواب تھا کہ میں نے ہمیشہ اپنے کلچر کو ساتھ رکھنے کی کوشش کی، میں نے یہ نہیں کیا کہ ادھر ادھر دیکھ کر کلچر بدلوں۔ فلمی دنیا میں اپنے عروج پر پاکستان چھوڑ جانے کے سوال پر ان کا کہنا تھا ’میرا مسئلہ یہ بھی ہے کہ میرا کوئی بھائی نہیں تھا، ہم دو بہنیں تھیں ایک انڈیا میں رہتی تھی اور ایک میں جو پاکستان میں تھی۔ میرے والد کو فالج کا اٹیک ہو گیا تھا۔

،،جب یہ خبر مجھے ملی تو میں گئی اور ان کا جو حال دیکھا اور اس پر خاص طور پر میری امی کا۔ میں جب گھر پہنچی تو گھر میں بجلی نہیں تھی تو اس دن میں نے سوچا کہ مجھے واپس آ جانا چاہیے، شکر ہے اللہ کا کہ میں نے تین سال ان کی خدمت کی۔،،

بنگلا دیش سے تعلق رکھنے والی اداکارہ شبنم پاک و ہند کی واحد اداکارہ ہیں جنھوں نے مسلسل 30 برس تک فلموں میں ہیروئن کا کردار ادا کیا۔ اپنے 40 سالہ فلمی کریئر میں انھوں نے 200 کے قریب فلموں میں کام کیا اور اس دوران انھیں 13 مرتبہ نگار ایوارڈ اور تین مرتبہ نیشنل ایوارڈ بھی ملے۔

پاکستان میں شبنم اور ندیم کی جوڑی کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا تھا۔ دونوں نے ایک ساتھ کئی یادگار فلموں میں کام کیا جن میں آئینہ، بندش، دیوانگی، خوبصورت، آہٹ اور شرافت وغیرہ شامل ہیں۔