خیبرپختونخوا: کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 117 تک پہنچ گئی

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

خیبر پختونخوا میں آج کورونا وائرس کے 39 مزید کیسز سامنے آگئے جس کے بعد خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 117 تک پہنچ گئی۔ نئے کیسز کی تصدیق صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے ٹوئٹ کےذریعے کی۔

انہوں نے بتایا کہ مردان کی یونین کونسل منگا میں 46 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 39 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ 4 افراد کے ٹیسٹ منفی آئے۔

وزیر صحت نے مزید بتایا کہ  پاکستان میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے پہلے مریض سعادت خان کا تعلق یونین کونسل منگا سے تھا۔

برطانوی نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق سعادت خان مردان میڈیکل کمپلیکس میں زیرعلاج تھا اور موت سے چند روز قبل ہی عمرے کی ادائیگی کے بعد سعودی عرب سے پاکستان پہنچا تھا۔ خبررساں ادارے کے مطابق جاں بحق ہونے سے قبل سعادت خان سے وائرس ہزاروں افراد میں منتقل ہونے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مردان کا رہائشی سعادت خان فروری میں عمرہ ادائیگی کے لیے 2 سے 3 ہفتوں کے لیے سعودی عرب میں رہا تھا اور اس دوران سعادت خان نے سعودی عرب میں ہی بخار سمیت کورونا کی علامتیں ظاہر ہونے کے باوجود انہیں پوشیدہ رکھا۔

مرحوم کے ساتھی مسافروں نے بھی سعادت خان کے علامتوں سمیت بیمار ہونے کی تصدیق کی ہے۔ 9 مارچ کو عمرے سے پاکستان واپسی پر سعادت خان اپنے گاؤں میں ہونے والی تقریب میں سیکڑوں کی تعداد میں لوگوں سے رابطے میں رہا،کھانے کی دعوت پر خاندان والوں سمیت گاؤں کے 2 ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔

اس دوران سعادت خان  کے گھر پر اس کی بیوی، 3 بیٹیاں، 2 بیٹے،2 بہو اور4 پوتے پوتیوں سمیت 12 افراد بھی رہائش پذیر تھے۔

16 مارچ کو سعادت خان بخار، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کے باعث ہسپتال پہنچا جہاں اس نے کورونا کی علامتوں کے باوجود قرنطینہ میں جانے سے انکار کردیا اور واپس گھر لوٹ آیا۔

17 مارچ کو طبیعت بگڑنے پر سعادت خان کو دوبارہ ہسپتال جانا پڑا،18 مارچ کو ٹیسٹ کے نتائج میں سعادت خان میں کورونا کی تصدیق ہوئی جس کے بعد اسے آئسولیشن سینٹر بھیج دیا گیا لیکن وہ اسی دن چل بسا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعادت خان بغیر کسی ڈاکٹری تعلیم کے گاؤں میں کلینک بھی چلاتا تھا اور بیماری کے بعد وہ بیٹوں کے ساتھ ایک ہی کمرے میں رہا جب کہ باپ کے گھر پر ہونے کے دوران بیٹے کلینک پر مریضوں سے رابطے میں رہ کر گھر واپس آتے رہے جس کے باعث وائرس مریضوں اور ان کے ذریعے دیگر افراد میں پھیلنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب ملک بھرمیں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1039 ہوگئی۔ ملک میں کورونا وائرس سے اب تک خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان، سندھ اور پنجاب میں ایک ایک ہلاکت ہوگئی۔

مہلک وائرس سے اب تک 20 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 4 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔