خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں مزید توسیع

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے روک تھام کے سلسلے میں صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں مزید توسیع کر دی ہے۔ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت 5 اپریل تک سرکاری و نجی سکولز کورونا وائرس کی روک تھام کے باعث بند ہوں گے۔

اس سے قبل محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے پی نے 31 مارچ تک سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا کے کیسز سامنے آنے کے بعد وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبہ سندھ میں 30 مئی جب کہ بلوچستان میں 31 مارچ تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک 78 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ 3 افراد جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔

صوبائی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ تفتان سے ڈیرہ اسماعیل خان آنے والے زائرین میں سے 37 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ صوبے کے دیگر شہروں میں 3 نئے کیسز سامنے آئے۔

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ڈیرہ اسماعیل خان میں 53، پشاور میں 12، مردان میں 6، مانسہرہ میں 3، بونیر، چارسدہ، جنوبی وزیرستان اور کرک میں ایک، ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔