ضلع خیبرمیں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا

قبائلی اضلاع میں بھی کورونا وائرس پہنچ گیا ہے اور ضلع خیبرمیں پہلے کیس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمود اسلم وزیر کے مطابق ضلع خیبرکی تحصیل باڑہ کے علاقہ شلوبر میں 30 سالہ عادل رحمن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق پولیس ہسپتال میں عادل رحمن کے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل باڑہ میں متاثرہ شخص کے علاقے کو کورنٹائین ٹیم روانہ کردیاہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر میں یہ پہلا کورونا مریض ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق متاثرہ عادل رحمن کا والد ایوب خان چائنہ میں کاروبار کرتا ہے لیکن اس وقت وہ پاکستان میں ہے اور وہ بالکل صحتمند ہے جبکہ عادل رحمن خود کارخانو مارکیٹ میں میڈیسن کا شاپ چلاتا ہے۔

میڈیکل ٹیمیں متاثرہ علاقے کو روانہ کردی گئی ہے جو عادل رحمن کے خاندان والوں کا ٹیسٹ کریں گے۔

واضح رہے کہ آج خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے مزید 15 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ محکمہ ریلیف و آبادکاری کے مطابق تمام افراد حال ہی میں ایران سے براستہ تفتان پاکستان آئے تھے۔ محکمہ کے مطابق متاثرہ افراد کو ڈیرہ اسماعیل خان کے قرنطینہ مرکز میں رکھا گیا ہے۔ نئے کیسز آنے سے صوبے میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 35 ہوگئی۔

گزشتہ روز پشاور اور مردان میں کورونا کے دو مریض جاں بحق ہوگئے تھے۔ مردان میڈیکل کمپلیکس میں کورونا وائرس سے جاں بحق شخص سعادت خان کا تعلق یونین کونسل منگا سے تھا جو ایک ہفتہ پہلے عمرے سے آیا تھا۔ سعادت خان کی عمر 50 سال تھی اور ان کے کرونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تھا۔ ہسپتال زرائع نے بتایا ہے کہ جاں بحق ہونے والا شخص ٹی بی کا بھی مریض تھا لیکن ان کی موت کورونا سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج ہنگو کے رہائشی 36 سالہ مریض کے موت کی بھی تصدیق کردی ہے۔ یہ مریض بھی چند دن پہلے متحدہ عرب امارات سے واپس آیا تھا اور پشاور کے علاقے سفید ڈھیری میں رہائش پذیر تھا۔