خیبر پختونخوا کا 50 سال سے زائد عمر کے ملازمین کو چھٹی دینے کا فیصلہ

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے 15 کیسز کی تصدیق کے بعد سرکاری اداروں میں ڈیوٹی انجام دینے والے 50 سال سے زائد عمر کے ملازمین اور حاملہ خواتین کو 15 دن کی چھٹی دینے، صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کو مفت راشن دینے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ نماز جمعہ دو شفٹوں میں مساجد کے ہالوں کی بجائے صحن میں ادا کرنے کے ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

اس کے ساتھ ہی بزرگ اور بچوں کو مساجد کے بجائے گھروں میں نماز پڑھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی حکومت نے حفاظتی انتظامات مزید سخت کرتے ہوئے محکمہ ریلیف نے کورونا وائرس سے متعلق سیکریٹریزکو مراسلہ ارسال کیا ہے۔

مراسلے میں تمام انتظامی سیکریٹریز کو ملازمین کی فہرست سمیت ڈائریکٹوریٹ اور محکموں میں غیرضروری عملہ کی فہرستیں بھی چیف سیکریٹری کو فوری بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں 50 سال سے زائد عمر کے ملازمین کو 15 روز کی چھٹی دینے کی ہدایت کی گئی ہے اور تمام سرکاری ملازمین کو نجی تقاریب میں شمولیت سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔

سرکاری محکموں میں حاملہ خواتین کو بھی 15 دن کی چھٹیاں دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔اس کے علاوہ ممبران اسمبلی کو اپنے حلقوں میں عوام سے ملنے سے گریز کی تلقین کی گئی ہے۔

چیف سیکرٹری محکموں اور ڈائریکٹوریٹس کو بند کرنے کی حتمی منظوری دیں گے تاہم متعلقہ سیکریٹری اہم افراد کو کسی بھی وقت ڈیوٹی پر حاضر ہونے کا کہہ سکتے ہیں۔علاوہ ازیں خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا مریضوں کے اہل خانہ کے لئے مفت راشن کی فراہمی کا بھی اعلان کیا ہے۔

محکمہ ریلیف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کورونا کے مریضوں کے خاندانوں کو مفت راشن دینے کی ہدایت جاری کردی ہے، مفت راشن ان مریضوں کے لئے ہے جن کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں سرکاری قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق راشن پیکیج 20 کلو آٹا، 10 کلو چاول، 10 کلو چینی، 5کلو دال اور دودھ وغیرہ پر مشتمل ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت محکمہ داخلہ کے ساتھ مل کر متاثرہ خاندانوں کے ایڈریس اور دیگر تفصیلات اکٹھی کرے گا، متعلقہ ڈپٹی کمشنر حکومت کا یہ پیکیج متاثرہ خاندانوں تک پہنچائے گا جبکہ محکمہ داخلہ کے پاس ریکارڈ بھی رکھا جائے گا۔

ادھر محکمہ اوقاف خیبرپختونخوا نے کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر کے لیے نماز جمعہ کو 2 شفٹوں میں ادا کرنے کا کہا ہے۔محکمہ اوقاف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مساجد کے ہالوں کی بجائے صحن میں نماز ادا کی جائے، نماز کے دوران صفوں میں اضافی جگہ رکھی جائے، ساتھ ہی بزرگ اور بچے مسجد میں آنے سے گریز کریں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ہے نمازی سنت اور نوافل گھر میں ادا کریں جبکہ نماز جنازہ کے دوران بھی صفوں میں فاصلہ لازمی رکھا جائے۔