شمالی وزیرستان کے متاثرین کو ماہوار مالی امداد کیلئے 19 کروڑ روپے جاری

شمالی وزیرستان کے آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کیلئے پی ڈی ایم اے خیبر پختونخواہ نے ماہوار امداد کے سلسلے میں انیس کروڑ روپے کی 67ویں قسط جاری کردی، جو آئندہ ایک دو روز میں متائثرین کو ملنا شروع ہو جائیگی۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انیس کروڑ روپے کی یہ رقم فی خاندان 12 ہزار روہے معمول کے مطابق سم کارڈ کے ذریعے سے آئندہ ایک دو روز میں متاثرین کو ملنا شروع ہوجائے گی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اس موقع پر بتایا کہ شمالی وزیرستان کے 15 ہزار چھ سو خاندان جو نادرا سے تصدیق شدہ ہیں اور جن کی واپسی ابھی تک نہیں ہوئی، اس رقم سے استفادہ کرسکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ چیک بنک میں جمع کردیا گیا ہے اور ایک دو دن میں متاثرین میں مسیج کے ذریعے رقم کی ادائیگی شروع ہوجائیگی۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ اس کا مقصد بے گھر متاثرین کی مالی معاونت ہے تاکہ ان کے مالی مشکلات کو کم سے کم کیا جاسکے۔