آرمی چیف کی کورونا کی روک تھام کیلئے قومی سطح پر اقدامات کی ہدایت

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے قومی سطح پر اقدامات اور تیاریوں کی ہدایت کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور ایل او سی کی صورتحال سمیت علاقائی و داخلی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں خطے کی صورتحال بالخصوص افغانستان امن کے عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کور کمانڈرز سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کا راستہ افغانستان سے گزرتا ہے جبکہ مشترکہ کوششوں اور تحمل سے ہی تمام چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سنجیدگی سے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور آرمی کی سطح پر اس کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بات ہوئی۔

آرمی چیف نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے قومی سطح پر اقدامات اور تیاریاں کی جائیں۔ خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 21 تک جا پہنچی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس

  • پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔
  • 26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔
  • 29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی۔
  • 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔
  • 6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔
  • 8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔
  • 9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی۔
  • 10 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 ہوگئی تھی۔
  • 11 مارچ کو اسکردو میں ایک 14 سالہ لڑکے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مجموعی تعداد 20 تک پہنچی تھی۔
  • 12 مارچ کو گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں کورونا وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 21 ہوگئی۔