اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا طیارہ گرکر تباہ

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ پاک فضائیہ کے مطابق طیارہ مشہور چاندتارا چوک  کے قریب جنگل میں گر کر تباہ ہوا جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور جائے حادثہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، طیارہ جس مقام پر گرا اس کے پیچھے پاکستان سپورٹس بورڈ امپلائی کالونی بھی واقع ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے حادثے کی تصدیق کردی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ ایف-16 طیارہ 23 مارچ یوم پاکستان پریڈ کے لیے ریہرسل کر رہا تھا کہ اس دوران  شکر پڑیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ  حادثے کی تحقیقات کے لیے ائیرہیڈکوارٹرز میں انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ طیارے کے ملبے میں کسی کی لاش نہیں ملی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہواباز پیراشوٹ کے ذریعے نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس کے مطابق حادثے کی جگہ کو سیکیورٹی اداروں نے گھیرے میں لے لیا ہے،  ریسکیو ٹیمیں بھی جائے حادثے پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

جہاں جس علاقے میں طیارہ گرا ہے وہاں آگ لگی دیکھی جا سکتی ہے جبکہ وہاں موجود بجلی کی تاریں بھی ٹوٹ کر زمین پر گر گئی ہیں جن پر سے لوگ پھلانگ پھلانگ کر طیارے کے ملبے کے قریب جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس سے قبل گذشتہ سال 29 جولائی کی شب بھی آرمی ایوی ایشن کا ایک چھوٹا طیارہ معمول کی پرواز کے دوران راولپنڈی میں آبادی پر گر گیا تھا جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔