پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ پہلا مریض صحتیاب

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ پہلا مریض صحتیاب ہوگیا جسے جلد ہسپتال سے فارغ کردیا جائے گا۔ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے کورونا وائرس کے باعث زیر علاج شخص کو صحت مند قرار دے کر ہسپتال سے فارغ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نوجوان کے کورونا وائرس کے حوالے سے کیے گئے ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور نوجوان کو جلد ہسپتال سے ڈسچارج کیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے مریض کے حوالے سے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ نے بھی تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس کا پہلا مریض یحییٰ جعفری صحت یاب ہوگیا ہے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھکے مطابق  یحییٰ جعفری میں 10 روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور اس کے 3 بار کورونا وائرس کی تصدیق کے ٹیسٹ ہوئے۔ ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں یحییٰ جعفری میں بیماری کی کوئی علامات نہیں آئیں، آج دوبارہ ٹیسٹ منفی آنے پر مریض کو گھر بھیج دیاجائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور ایک 22 سالہ نوجوان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جسے فوری طور پر ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھ دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 6 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ متاثرہ تمام افراد نے ایران کا سفر کیا تھا۔ اب تک کراچی میں 3، اسلام آباد میں 2 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس کے ایک لاکھ 679 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 3412 افراد ہلاک اور 55989 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ دنیا میں سب سے زیادہ 80 ہزار 559 کیسز صرف چین میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ چین میں وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 53 ہزار 929 ہے جبکہ 23 ہزار 588 افراد زیر علاج ہیں اور وائرس سے 5 ہزار 737 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔