مہمند پولیس نے 5 اشتہاری گرفتار کرکے خیبرپختونخوا پولیس کے حوالے کردیے

قبائلی ضلع مہمند کی پولیس نے علاقے میں موجود 5 اشتہاریوں کو گرفتار کرکے خیبرپختونخوا پولیس کے حوالے کردیا۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق اپرمہمند پولیس کی جانب سے اشتہاریوں و دیگر جرائم میں ملوث افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا ہے اور آج تحصیل حلیمزئی  اور پنڈیالی کے مختلف علاقوں سے ضلع چارسدہ، پشاور اور مردان کے مختلف تھانوں کو مطلوب پانچ مفرور گرفتار کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سابقہ قبائلی علاقاجات مفرور اور اشتہارییوں کی پناہ گاہ تھی جن میں سی کئی بڑے روزگار اور ملازمتوں سے وابستہ ہوچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق فاٹا انضمام کے بعد اب قبائلی علاقوں میں موجود مفرور اور اشتہاری مجرموں کے خلاف مزید کارروائیاں کی جائیں گی اور انہیں متعلقہ تھانوں اور عدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

پشاور، چارسدہ اور مردان کے مختلف تھانوں کو مطلوب پانچوں ملزمان خیبرپختوخوا پولیس کے حوالے کردیے گئے ہیں جہاں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔