میرانشاہ میں پہلی بار200 ڈرائیوروں کو اپنی دہلیز پرڈرائیونگ لائسنس جاری

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

شمالی وزیرستان میرانشاہ میں پہلی بارڈرائیونگ لائسنس کا اجراء کیا گیا۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق 208 امیدواروں نے ٹیسٹ میں حصہ لیا جن میں سے 200 کامیاب قراردیئے گئے اور ان کوڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر بنوں عقیق حسین نے مستقل ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے۔

گزشتہ دنوں ڈی پی او شمالی وزیرستان شفیح اللہ گنڈاپورنے ڈی آئی جی بنوں ریجن عبداللہ خان کیساتھ ملاقات کی اور خواہش کا اظہار کیا کہ شمالی وزیرستان میرانشاہ میں ڈائیوروں کیلئے اُن کی دہلیز پر لائسنس کا اجراء یقینی بنایا جائے کیونکہ ہمارے ڈرائیوروں کو بنوں آنے میں کافی مشکلات اور دشواری کا سامنا رہتا ہے جس پر ڈی آئی جی بنوں نے احکامات جاری کئے۔

ڈی آئی جی عبداللہ خان نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں یاسر آفریدی کو ہدایت جاری کی کہ فوری طور پر ایک کمیٹی تشکیل دیں، احکامات پر عمل در آمد کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس  آفیسر بنوں نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عقیق حسین کی زیر نگرانی موبائل ٹیم تشکیل دی جس میں کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنس وین، کیو آر ایف اسکواڈ، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ایمبولینس بمعہ میڈیکل عملہ، ٹریفک وارڈن پولیس کے شاہین اسکواڈ شامل تھے جنہوں نے شمالی وزیرستان میرانشاہ کے مقام پر کیمپ لگایا اور کھلے میدان میں امیدواروں سے ڈرائیونگ ٹیسٹ، میڈیکل چیک اپ، ٹریفک رولز کے بارے میں سوالات کئے۔

یک روزہ ٹیسٹ میں کل 208 اُمیدواروں نے حصہ لیا جس میں 200 امیدوار کامیاب ہو ئے اور اُنہیں موقع پر ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔

اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر بنوں عقیق حسین کا کہنا تھا کہ فاٹا انضمام کے بعد آئی جی خیبر پختونخوا کی خواہش ہے کہ یہاں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کیا جا سکے کیونکہ سابقہ فاٹا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیکر قربانیاں پیش کیں ہیں۔

خیبر پختونخوا پولیس اُن کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے انشاء اللہ وقتاً فوقتاًان قبائلیوں کو پولیس کی طرف سے مراعات فراہم کی جائیں گی اور یہ سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔

دریں اثناء میرانشاہ پہنچنے پرعلاقائی مشران نے اس اقدام پر بنوں پولیس کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ شمالی وزیرستان کے قبائل اور پولیس ایک دوسرے کیساتھ ہر میدان پر تعاون کریں گے۔