ڈی ایچ کیو پاراچنار میں سٹاف کی کمی کیخلاف سول سوسائٹی کا احتجاج

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

قبائللی ضلع کرم کی سول سوسائٹی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار میں سٹاف کی کمی کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور عملے کی کمی پوری کرنے کا مطالبہ کردیا۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق ڈی ایچ کیو کے سامنے مظاہرے میں سول سوسائٹی کے اراکین کے علاوہ عام لوگوں کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

بعدازاں ہسپتال تا پاراچنار پریس کلب ایک ریلی نکالی گئی، اس دوران مظاہرین نے شدید نعرے بازی بھی کی۔

پریس کلب کے سامنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مزمل حسین، علامہ باقر حیدری اور سماجی رہنما فہیم طوری سمیت دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں چارلاکھ کی آبادی کے لئے صرف آٹھ ڈاکٹرز موجود ہیں جس کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے دورہ پاراچنار کے موقع پر ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا تھا مگر تاحال اس اعلان پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاراچنار ہسپتال میں عملے کی کمی کی وجہ سے لوگ پہلے سے مشکلات کا شکار تھے جبکہ سینئر ڈاکٹرز کی پروموشن کی وجہ سے اب ان کا بھی تبادلہ ہوگیا ہے اور ہسپتال میں صرف آٹھ ڈاکٹر رہ گئے ہیں۔

مقررین کے مطابق علاج کی غرض سے آنے والے مریضوں کو پشاور اور دیگر ہسپتال میں ریفر کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہسپتال میں عملے کی کمی کو پورا کیا جائے اور وزیراعلیٰ کی جانب سے دورہ پاراچنار کے موقع پر ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے اعلان کو عملی جامہ پہنایا جائے۔