پی ایس ایل 5: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آج مدمقابل ہونگی

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلوں کا آغاز آج سے ہو رہا ہے اور ایونٹ کا افتتاحی میچ آج دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

چار سیزن کے طویل انتظار کے بعد پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی بالآخر مکمل طور پر پاکستان میں واپسی ہو رہی ہے اور اس سال لیگ کے تمام 34 میچز ملک کے 4 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی گزشتہ روز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کی گئی جس میں ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ ساتھ مالکان نے بھی شرکت کی۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کی ٹرافی کی رونمائی سکواش لیجنڈ جہانگیرخان کے ہاتھوں ہوئی۔

پی ایس ایل 5 کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب نیشنل سٹیڈیئم میں ہوئی جہاں جہانگیرخان ٹرافی لے کر سٹیڈیم میں داخل ہوئے۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ پاکستانی کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، اتنا بڑا ایونٹ پہلے نہیں ہوا۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد سے غیر ملکی ٹیموں کا بھی اعتماد بحال ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی نے پچھلے سال خوب سپورٹ کیا تھا اب یہاں افتتاحی میچ ہونا اس سپورٹ کا اعتراف ہے۔

سکواش لیجنڈ جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے پی ایس ایل کی ٹرافی لانا عزت کی بات ہے، بطور سپورٹس مین خوش ہوں کہ پوری پی ایس ایل پاکستان میں ہورہی ہے۔ جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے ساری ٹیمیں برابر ہیں اور میں ہر ٹیم کو سپورٹ کرتا ہوں۔