افغان صدارتی انتخاب میں اشرف غنی کی کامیابی کا باضابطہ اعلان

افغانستان کے صدارتی انتخاب کے 5 ماہ بعد بالآخر اشرف غنی کو فاتح قرار دے دیا گیا۔ افغان الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق اشرف غنی مسلسل دوسری مدت کے لیے افغانستان کے صدر منتخب ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اشرف غنی نے گذشتہ سال ستمبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں 50 اعشاریہ 64 فیصد ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے نمایاں حریف  افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ  39 اعشاریہ 52 فیصد ووٹ حاصل کرسکے۔

اشرف غنی پہلی بار 2014 میں افغانستان کے صدر منتخب ہوئے تھے اس سے قبل وہ حامد کرزئی کی حکومت میں وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں۔ واضح  رہے کہ گزشتہ سال 28 ستمبر کو ہونے والے انتخاب کے نتائج کا اعلان 22 دسمبر 2019 کو کیا گیا تھا جس میں اشرف غنی فاتح قرار پائے تھے تاہم دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار عبداللہ عبداللہ نے نتائج کو مسترد کردیا تھا۔

عبداللہ عبداللہ نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن پر بھی جانبداری برتنے کا الزام عائد کیا تھا۔ سمتبر 2019 میں ہونے والے الیکشن میں 3 کروڑ 50 لاکھ نفوس پر مشتمل افغانستان کے 90 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز میں سے صرف 22 لاکھ افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا جو 2001 میں طالبان کی حکومت کا تختہ الٹائے جانے کے بعد سب سے کم ترین شرح ہے۔