ڈی آئی خان میں ہونے والے دھماکے کی ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف درج

ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ روز پولیس چیک پوسٹ پر ہونےوالی فائرنگ اور ہسپتال میں ہونےوالے بم دھماکے کی ایف آئی آرنامعلوم افراد کے خلاف درج کردی گئی ہے۔ سی ٹی ڈی پولیس نے تھانہ سی ٹی ڈی میں نامعلوم افراد کےخلاف ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

دوسری جانب شہر میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، الیگل سکواڈ کی گشت بڑھا دی گئی، شہرکے داخلی و خاری راستوں پر چیکنگ سخت کردی گئی اور ٹراما سنٹر کی عمارت کو سیل کردیا گیا ہے۔

دھماکے میں زخمی ہونےوالے افراد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ اسٹیشن کمانڈر ڈیرہ راﺅ عمران سرتاج نے بھی ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور دھماکے میں زخمی ہونےوالے افراد کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین سہولیات فراہمی کی جائے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا بھی کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈی آئی خان میں سول ہسپتال کے ٹراما روم کے قریب خودکش دھماکہ کے نتیجہ میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 17 سے زائد زخمی ہوگئے۔ قبل ازیں ڈی آئی خان کے علاقہ درابن میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجہ میں 2 اہلکار جہانگیر اور انعام جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق اتوار کی صبح تقریباً پونے 8 بجے کے قریب درابن روڈ پر واقع کوٹلہ سیدان چیک پوسٹ پر نامعلوم شدت پسندوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ڈیوٹی پر تعینات دو پولیس اہلکار جہانگیر اور انعام موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔