کوئٹہ میں خود کش حملہ، 8 افراد جاں بحق 19 زخمی

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک ریلی خودکش حملہ ہوا ہے جس میں دو پولیس اور ایک لیویز اہلکار سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خودکش حملہ پریس کلب کے قریب شارع اقبال پر ایک ریلی پر کیا گیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اور ایک لیویز اہلکار سمیت 8 افراد جاں بحق جب کہ 19 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوراً قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ترجمان سول ہسپتال نے دھماکے میں 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ زخمیوں میں مزید 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت کے باعث قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور آس پاس کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 10 جنوری کو کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی ایک مسجد میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 11 افراد شہید ہوئے تھے۔

دوسری جانب کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکارزخمی ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیر کو کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار سید مصطفی زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر ہسپتال پہنچادیا گیا پولیس مزید کاروائی کر رہی ہے۔