جنوبی وزیرستان، اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر ریاض میانی اور تحصیلدار گل دراز رہا

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان سے اغوا کیے جانے والے اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر ریاض میانی اور تحصیلدار گل دراز رہا کر دیے گئے۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق دونوں مغوی اہلکار آج پاک افغان سرحد کے قریب پائے گئے اور اس وقت جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں موجود ہیں۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان نعمان افضل آفریدی نے دونوں مغوی اہلکاروں کی رہائی کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر ریاض میانی کے بھائی اعجاز نے ٹی این این کو بتایا کہ رہائی کے بعد ان کی اپنے بھائی ریاض سے بات ہوئی ہے تاہم تاحال وہ نہیں پہنچے ہیں۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل ریاض میانی اور گل دراز کی ایک ویڈیو جاری ہوئی تھی جس میں انہوں نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ اغواکاروں کے مطالبات مان لیے جائیں تاکہ انہیں رہائی مل سکے۔

ویڈیو 5 جولائی کو ریکارڈ کی گئی تھی جس میں اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر کا کہنا تھا کہ 24 اپریل کو ٹانک میں والدہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد وہ اپنے خاندان کے تین دیگر افراد کے ہمراہ جارہے تھے جب انہیں اغوا کرلیا گیا۔

اسی طرح ویڈیو میں تحصیلدار گل دراز نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ ان کی طبیعت ناساز ہے اس لیے ان کی رہائی کا بندوبست کیا جائے۔