25 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی رکنیت بحال، 86 ارکان تاحال معطل

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

الیکشن کمیشن پاکستان نے 25 اراکین قومی و اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی ہے جبکہ 86 کی تاحال معطل ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق معطل ارکان کی ممبر شپ گوشوارے جمع کرانے پر بحال کی گئی، قومی اسمبلی کے 5، پنجاب13، خیبر پختونخوا سے پانچ اور بلوچستان اسمبلی سے دو اراکین کی رکنیت بحال کی گئی۔

الیکشن کمیشن نے چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو آگاہ کر دیا ہے۔ ای سی پی کے مطابق 86 اراکین پارلیمنٹرینز اور صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت تاحال معطل ہے۔

اس سے قبل بھی مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانے پر وفاقی وزرا سمیت 64 اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت بحال کی گئی تھی۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے 4 اور بلوچستان اسمبلی کے 1 رکن کی رکنیت بھی بحال کی تھی۔ وفاقی وزرا فواد چوہدری، نورالحق قادری، زرتاج گل، طارق بشیر چیمہ، راجا پرویز اشرف اور فرخ حبیب کی رکنیت بھی مالی گوشوارے جمع کرنے پر بحال کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 70 اور سینیٹ کے 12 ارکان کی رکنیت معطل کی تھی جب کہ مجموعی طور پر سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے 318 ارکان کی رکنیت بھی معطل ہوئی تھی۔

گوشوارے جمع نہ کرانے پر پنجاب اسمبلی کے 115، خیبر پختونخوا کے 60، سندھ اسمبلی کے 40 اور بلوچستان اسمبلی کے 21 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی۔