قبائلی اضلاع میں پرامن الیکشن سے امن کی جیت ہوئی: ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں الیکشن پاکستان اور ریاستی بیانیے کی فتح ہے۔ سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں پرامن الیکشن سے امن کی جیت ہوئی اور جمہوری عمل مکمل ہونے سے تعمیر پاکستان کے سفر کا آغاز ہوا۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں الیکشن پاکستان اور ریاستی بیانیے کی فتح ہے اور پرامن الیکشن سے خوف کی فضا پیدا کرنے والوں کا بیانیہ دم توڑ گیا ہے، پرامن انتخابات جمہوریت پر عوام کے اطمینان کا اظہار ہے۔

یاد رہے کہ ہفتے کے روز خیبرپختونخوا میں ضم شدہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات ہوئے۔ غیرحتمی اور سرکاری نتائج کے مطابق قبائلی اضلاع میں آزاد امیدواروں نے میدان مارلیا ،چھ نشستوں پر آزاد، پانچ نشستوں پر حکمران جماعت تحریک انصاف کے امیدوارکامیاب، جے یوآئی ف 3، اے این پی اور جماعت اسلامی نے ایک ایک نشست پرکامیابی حاصل کی، مجموعی طور پر ٹرن آؤٹ 25 فیصد رہا۔

الیکشن کمیشن قبائلی اضلاع کے 16حلقوں سے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن 14 روزکے اندر جاری کردیگا، امیدواروںکی کامیابی کا نوٹیفیکشن جاری ہونے کے بعد آزاد امیدواروںکوکسی جماعت میں شمولیت کے لیے 3 دن کا وقت دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کاکہنا ہے کہ آزاد امیدواروں کی سیاسی جماعتوں میں شمولیت کے بعدخواتین اوراقلیتوںکی مخصوص نشستوں کا فیصلہ کیا جائیگا۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کےکمرشل ائیرلائن سے سفر سے عوامی رابطےکو فروغ ملا، ماضی میں شخصیت کی نمود ہوتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے فیصلہ کیا ٹیکس دہندگان کا پیسہ سفر پر خرچ نہیں کرنا اور امریکا کے سفر میں کفایت شعاری کا مظاہرہ کیا، انہوں نے پاکستان ہاؤس میں قیام کیا اور سادگی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

معاون خصوصی کے مطابق وزیراعظم پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں، وزیراعظم کی شہرت اور ساکھ پاکستانی ہیرو کے طور پر دنیا میں مانی جاتی ہے۔