لکی مروت میں پولیس مقابلہ، خاتون سمیت چار افراد جاں بحق

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

لکی مروت کے علاقے پہاڑخیل پکہ میں اشتہاریوں اور پولیس کے درمیان مقابلے میں خاتون سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران اشتہاری انعام مروت ساکن ملازئی ٹانک دو ساتھیوں اور ایک خاتون سمیت ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ مارے جانے والوں میں مرسلین، بلقیاز اور اس کی بہن بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق مقابلے میں دو پولیس اہلکار بھی معمولی زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق انعام مروت ٹانک پولیس کو درجنوں مقدمات میں مطلوب تھا اور صوبائی حکومت نے ان کے سرپر انعام بھی مقرر کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق انعام مروت نے کچھ عرصہ پہلے ملازئی کے قریب فلائنگ کوچ پر فائرنگ کرکے 14 بے گناہ افراد کو قتل کیا تھا۔

خیال رہے کہ نومبر 2019 میں بھی لکی مروت میں مبینہ پولیس مقابلے میں اشتہاری گل فراز اور اس کی بھتیجی مارے گئے تھے۔ جابو خیل میں ہوئے پولیس مقابلے میں ایک اہلکار بھی زخمی ہوا تھا۔ بعد ازاں مقامی افراد نے لڑکی کے قتل کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ یہ مقابلہ تھانہ غزنی خیل کی حدود جابو خیل میں ہوا جہاں پولیس کے ریپڈ ریسپانس فورس (آر آر ایف) نے اشتہاری ملزم گل فراز کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔

ڈی ایس پی لکی مروت ہدایت اللہ شاہ کے مطابق اشتہاری ملزم اور اس کی بھتیجی نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شاہ محمود زخمی ہوگئے پولیس کی جوابی فائرنگ سے اشتہاری ملزم گل فراز اور اس کی بھتیجی ہلاک ہوگئی۔ پولیس کے مطابق اشتہاری گل فراز پولیس کو قتل اور اقدام قتل سمیت 9 مقدمات میں مطلوب تھا۔