دہشت گردی سے متاثرہ سرکاری سکولز انتظامیہ کی اولین ترجیح

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) قبائلی ضلع خیبر محمد شوکت کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ سرکاری سکولوں میں سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خیبر محمد شوکت کے مطابق کوئی قوم تعلیم کے بغیر ترقی و خوشحالی کے منازل طے نہیں کرسکتی، ضلع خیبر میں دہشت گردی سے متاثرہ سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے طویل و قلیل مدتی منصوبوں پر عمل شروع ہوگیا ہے جس کے تحت سکولوں کی فیبریکیشن کے ساتھ ساتھ ان میں بیت الخلاء کی تعمیر، خیمے، سٹیشنری اور فرنیچر کی فراہمی شامل ہے۔

ڈی ای او خیبر کے مطابق مقامی کمیونٹی کی مدد سے داخلہ مہم کے دوران سکول سے باہر سو فیصد بچوں کی انرولمنٹ کیلئے مخلصانہ کوششیں کریں گے جس کے تحت آئندہ تعلمی سال سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے بچوں اور بچیوں کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کیلئے آئندہ مختصر وقت میں سینکڑوں اساتذہ کو بھرتی کیا جارہا ہے جس سے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کا مسئلہ بڑی حد تک دور ہوجائے گا۔

محمد شوکت نے کہا کہ سکولوں میں نصاب کی کتب کی بر وقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں ماضی میں رونماء ہونے والے نقائص کو دور کیا جائے گا تاکہ بچوں کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں دہشت گردی سے تباہ شدہ پچاس سرکاری سکولوں کی تعمیر جلد شروع ہوجائے گی جس کا سلسلہ آخری سکول کی تعمیر تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کیلئے کئی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ وہ خود بھی وقتا فوقتا سکولوں کے دورے کررہے ہیں، ملک و قوم کیا مستقبل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس اہم شعبے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔