معاوضوں کی عدم ادائیگی، بنوں کے تاجروں نے خودسوزی کی دھمکی دیدی

دہشت گردوں کے خلاف کیے گئے آپریشن ضرب عضب سے متاثر ہونے والی بنوں کی تاجربرادری نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے معاوضے نہ ملنے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا۔

احتجاج میں باجوڑ سے تعلق رکھنے والے متاثرہ دکاندار بھی شریک تھے۔

احتجاجی مظاہر ے سے یوسف زمان، حافظ عمر زرین، صادق استاد اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے بنوں کے دکانداروں کا بھی شمالی وزیرستان میں نقصان ہوا ہے لہٰذا ہمیں اپنے نقصانات کے مطابق معاوضہ دیا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ بہت افسوس کا مقام ہے کہ ہم کو بار بار احتجاج کرنے کے باوجود اپنا حق نہیں دیا جا رہا ہے آج ہم نے مجبوراً عدالت جانے کا راستہ اختیار کرلیا ہے، ہماری پوری امید ہے کہ عدالت کے ذریعے ہمیں اپنا حق ملے گا۔

مظاہرین نے کہا کہ بنوں کی تاجرادری کے کھربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

اُنہوں نے الزام لگایا کہ کئی لوگ بیٹھے ہوئے ہیں جو متاثرہ تاجروں سے پیسے لے رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اُنہوں نے دھمکی دی کہ اگر ہمیں اپنا حق نہیں دیا گیا تو مجبوراً ہم خودسوزی کریں گے۔