پشاور، سرکاری آٹا بلیک میں فروخت کرنے پر دو فلور ملز سیل

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

ضلعی انتظامیہ پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے پشاور میں دو فلور ملز کو سرکاری آٹا بلیک میں فروخت کرنے پر سیل کر کے سرکاری گندم کا کوٹہ منسوخ کر دیا۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (شاہ عالم) ڈاکٹر احتشام الحق نے بڈھنی روڈ پر مختلف فلور ملز کا معائنہ کیا اور کارروائی کے دوران دو فلور ملز کو سرکاری آٹا بلیک میں فروخت کرنے پر سیل کرکے ان کا سرکاری کوٹہ منسوخ کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے مطابق ان کو اطلاع ملی تھی کہ چند ملیں سرکاری آٹے کو بلیک میں فروخت کر رہی ہیں جس پر کارروائی کر کے ان ملوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ ان کا سرکاری گندم کا کوٹہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پشاور کی تمام فلور ملز کا روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کریں اور اگر کوئی سرکاری آٹے کو بلیک میں فروخت کرتے ہوئے پایا جائے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔