جنوبی وزیرستان میں ٹھیکیدار یونین کا ترقیاتی منصوبوں پر کام بند کرنے کا اعلان

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں ٹھیکیدار یونین نے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر یکم فروری سے کام بند کرنے کا اعلان کیا ہے.

ٹھیکیدار یونین کے صد ر حاجی بنوت اور دیگر عہدیداروں نے یونین آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے لیکن گزشتہ سات ماہ سے ٹھیکیداروں کو ایک روپے کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی.

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں بیشتر منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچ چکے ہیں جبکہ بعض منصوبوں پر کام آخری مراحل میں ہے مذکورہ منصوبوں کا تعمیراتی میٹریل ٹھیکیداروں نے مارکیٹ سے ادھار لیکر کام کیا ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ میٹریل ادھار پرلینے اور انکی بروقت ادائیگی نہ ہونے کے باعث ٹھیکیدار اور مارکیٹ ڈیلرز آئے روز دست وگریبان ہوتے ہیں.

ٹھیکیدار یونین نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ منصوبوں پر رقم کی ادائیگی 30جنوری تک نہ کی گئی تو یکم فروری سے جنوبی وزیرستان میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام بند کردیا جائیگا۔