خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار منعقد کرنے کی تجویز

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار منعقد کرنے کی تجویز سامنے آ گئی جس کی حتمی منظور وزیر اعظم پاکستان عمران خان دیں گے۔

محکمہ بلدیات ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کی تجویز سامنے آگئی ہے جس میں یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں ویلج و نیبر ہڈ کونسلوں اور دوسرے مرحلے میں تحصیل کونسل کی سطح کے انتخابات منعقد کرائے جائیں گے تاہم اس حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ تجویز پر متعدد اجلاس منعقد کئے جا چکے ہیں جبکہ مزید پہلوئوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے ویلج ونیبر ہڈکونسلوں کے انتخابات کے چند ماہ بعد تحصیل کونسل کے انتخابات کرانے کی تجویز زیر غور ہے تاہم مرحلہ وار انتخابات کرانے سے حکمران جماعت کو کس حد تک فائدہ پہنچ سکتا ہے

اس پہلو سے تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبے میں مرحلہ وار انتخابات کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کریں گے ۔اگر وزیر اعظم نے مرحلہ وار انتخابات کرانے کی منظور ی دیدی تو صوبائی حکومت کو لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ایک اور ترمیم صوبائی ایوان سے منظور کرانی ہوگی۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نمائندوں کی مدت گزشتہ برس 28اگست کو مکمل ہو گئی تھی جس کے بعد قانونی طور پر 27دسمبر تک انتخابات کرانے لازمی تھے تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے رولز کابینہ سے منظور نہ کرائے جانے کے باعث اب تک انتخابات کا انعقاد نہیں کیا جا سکا ہے ۔