پاک افغان سرحد پر افغانستان سے بھاری مقدار میں اسلحے کی سمگلنگ ناکام

کرم پولیس کی پاک افغان سرحد دلاسا میں کاروائی ، افغانستان سے بھاری مقدار میں اسلحے کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بناکر گل فرخان نامی سمگلر کو گرفتار کرلیا

ڈی ایس پی کرم نجف علی ، ایس ایچ او محمود عالم اور ایس ایچ او رحیم نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ شب ڈی پی او کرم محمد قریش خان کو خفیہ اطلاع ملی کہ افغانستان سے بھاری مقدار میں اسلحہ پاکستان کی جانب سمگلنگ کی کوشش کی جارہی ہے جس پر کرم پولیس نے پاک افغان سرحد دلاسا میں پولیس ٹیم کی خفیہ کاروائی کر کے گدھوں پر لادھے بھاری مقدار میں مختلف قسم کا اسلحہ برآمد کرلیا.

ان کا کہنا ہے کہ اسلحے میں راکٹ لانچر کے گولے ، کلاشنکوف ، آٹھ عدد میگزین ، تین عدد ہینڈ گرینیڈ ، دو ہزار کے زائد مختلف بور کے کارتوس ، چار عدد ڈبل بیرل بندوق ، بارہ عدد ریپیٹرز اور بائیس عدد میگزین شامل ہیں.

ڈی ایس پی نجف علی نے بتایا کہ کاروائی کے دوران گل فرخان نامی شخص سکنہ دلاسا کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ان کا بیٹا فضل جان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم ان کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں