ڈی آئی خان، پاک فوج کے زیراہتمام سپورٹس فیسٹیول 2020ء کا شاندار افتتاح

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

ڈیرہ اسماعیل خان میں پاک فوج کے زیراہتمام ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سپورٹس کے تعاون سے سپورٹس فیسٹیول 2020ء کی افتتاحی تقریب مقامی گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ جس میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان نے خصوصی شرکت کی۔

افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے قریبی علاقوں کے شہریوں کیلئے پاک فوج قیام امن کے ساتھ ساتھ تفریح و کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

پاک فوج، انتظامیہ اور پولیس سمیت سول سوسائٹی ہم سب آپس میں ایک ہیں اور مل جل کر دہشگردی کے خاتمے، قیام امن اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد سے علاقے کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملے گا۔

اس فیسٹیول کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود تھے۔ معزز مہمانوں نے فیتہ اور کیک کاٹ کر سپورٹس فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کی خاص بات سابقہ ادوار میں کھیلوں میں نمایاں مقام رکھنے والے ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی شرکت تھی۔

تقریب میں ڈپٹی سٹیشن کمانڈر کرنل محمد عاقب، لیفٹیننٹ کرنل شاہد ریاض، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محسن صلاح الدین،آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کے پرنسپل گروپ کیپٹن بشیر احمد چوہدری، ریجنل سپورٹس آفیسر رضی اللہ بیٹنی، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار سردار قیضار خان میانخیل، سابق تحصیل ناظم پروآ سردار امتیاز خان بلوچ نے شرکت کی۔ بارش اور شدید سردی کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

سپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کی سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے تھے، جبکہ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں کھلاڑیوں کے مارچ پاسٹ کے علاوہ بچوں نے تائیکوانڈو کے نمائشی مقابلوں کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔

اس فیسٹیول میں کرکٹ، ہاکی، فٹبال، بیڈمنٹن، روایتی کشتیوں کے مقابلے ہوں گے، جس میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ ٹانک، بھکر اور میانوالی کی درجنوں ٹیمیں حصہ لیں گی۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعرے بھی لگائے۔

سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے نوجوان باصلاحیت اور ملک سے محبت کرنے والے ہیں، قوموں کی ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔