باجوڑ میں بزرگ قبائلی کی اغوائیگی اور بازیابی، ملزمان فرار

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

اجوڑ میں نامعلوم افراد نے بزرگ قبائلی رہنماء کو اغواء کرلیا تاہم اطلاع ملنے پر پولیس کی جانب سے بروقت خارجی راستوں پر ناکہ بندیوں کے قیام کے باعث ملزمان مغوی کو گاڑی میں ہی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق اتوار کے صبح ضلع باجو ڑکے تحصیل خار کے علاقہ حاجی لونگ میں مسلح افراد نے اسلحہ کے نوک پر نور اسلام سکنہ لونڈ خوڑ حال مقیم حاجی لونگ کو دن دیہاڑے اغواء کرلیا۔

واقعہ کے بعد مقامی لوگوں نے پشاور باجوڑ شاہراہ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ سے عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء عبدالمنان کاکاجی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید صدیق اکبر جان، اسماعیل شاہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی۔

عوامی احتجاج کے نتیجے میں باجوڑ پولیس حرکت میں آگئی اور ڈی پی او باجوڑ پیر شہاب علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی گلزار خان کی قیادت میں پولیس فورس نے جگہ جگہ ناکہ بندیاں کی اور اغواء کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا۔

پولیس ناکہ بندیوں کے باعث اغواء کاروں نے نوراسلام نامی شخص کو راستے میں چھوڑ دیا اور خود فرار ہوگئے۔ اغواء کاروں نے نوراسلام پر تشدد بھی کیا ہے جس سے وہ معمولی زخمی ہوگئے ہیں جن کو علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کردیا ہے۔

عوام نے باجوڑ پولیس کی بروقت کاروائی کا خیر مقدم کیا اور پولیس کو شاباش دی۔