بنوں میں اغوا شدہ میڈیکل طالبعلم بازیاب

بنوں میں6 ماہ قبل اغوا شدہ میڈیکل کے طالب علم افراسیاب کو بازیاب کرالیا گیا۔ ڈی پی او یاسر آفریدی نے طالب علم کو جرگہ کی موجودگی میں والدین کے حوالے کردیا۔ دوسری جانب لکی مروت میں کالج کےطالبعلم کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا۔

طالب علم افراسیاب کو چھ ماہ قبل نورڑ میں واقع گھر سے اغوا کیا گیا تھا، نامعلوم افراد نے گھر میں گھسنے کے بعد فائرنگ بھی کی تھی جس سے ایک شخص جان بحق اور ایک زخمی ہوا تھا۔

ڈی پی او یاسرآفریدی نے میڈیا کو بتایا کہ مغوی افراسیاب کو پولیس نے علاقہ مشران کی کوششوں سے بازیاب کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بدر اور ملک شیرین سمیت تمام مشران کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے افرا سیاب کی بازیابی میں مثبت کردار ادا کیا۔

انہوں نے افرا سیاب کے خاندان والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ انکی صبرو تحمل کی وجہ سے آج افراسیاب ان کے پاس زندہ سلامت موجود ہے۔ ڈی پی او نے کہا کہ جب تک بنوں کے عوام کا تعاون پولیس کے ساتھ رہے گا تو بنوں شہر کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اغوا کاروں نے افرا سیاب کو تاوان کے بغیر اور مذاکرات کے بعد رہا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ افراسیاب کو وقتا فوقتا مختلف جگہوں پر رکھا جاتا رہا اور یہ اطلاعات بھی ہے کہ اس کو افغانستان بھی منتقل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جس وقت افراسیاب کو اغوا کیا جارہا تھا تو اس وقت ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا تھا اور اس سلسلے میں 14 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

افرا سیاب نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ وہ آج بہت خوش ہے کہ ایک بار پھر اپنوں کے درمیان موجود ہے۔ افراسیاب نے علاقے کے مشران، پولیس کا شکریہ ادا کیا کہ اس کی بازیابی میں اپنا مثبت کردار ادا کیا۔

افرا سیاب نے کہا کہ مجھے یقین نہیں تھا کہ میں اپنے گھر صحیح سلامت پہنچ پاؤں گا لیکن علاقے کے مشران اور پولیس کی کارکردگی کی وجہ سے اپنے گھر پہنچا ہوں۔ افراسیاب نے اس دوران میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا کہ اس کی بازیابی میں اپنا کردار ادا کیا۔