سرخ آٹا کھائیں، شوکت یوسفزئی کا عوام کو ایک اور انوکھا مشورہ

آٹے کی قیمت میں اضافے کے باعث خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے عوام کو انوکھا مشورہ دیا ہے۔

گذشتہ برس دسمبر میں بھی آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد آٹے کا تھیلا 970 روپے تک میں فروخت کیا جا رہا تھا، سال نو کے آغاز پر آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گیا .

خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ فائن آٹا مضر صحت ہے لوگ فائن آٹا نہ کھائیں۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ فائن آٹا کھانے سے بیماریاں پھیلتی ہیں ،سرخ آٹا صحت کے لیے اچھا ہوتا ہے اس لیے عوام سرخ آٹا کھائیں۔

دوسری جانب آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث خیبر پختونخوا کے نان بائیوں نے صوبے بھر میں 15جنوری سے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے اور روٹی کی قیمت 150 گرام 15روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

علاوہ ازیں نان بائیوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آٹے پر سبسڈی دے، نان نائی اس وقت آٹا ڈیلرز کے لاکھوں روپے کے مقروض ہو گئے ہیں جبکہ آٹا ڈیلرز کو بے جا جرمانہ کیا جا رہا ہے، جرمانوں سے تنگ آکر نانبائی اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل شوکت یوسفزئی نے مہنگائی کے پیش نظر عوام کو ٹماٹر کی جگہ دہی استعمال کرنے کا بھی مشورہ دیا تھا۔