پاکستان 2020 میں‌ سفر کیلئے 10 بہترین ممالک کی فہرست میں شامل

امریکا کے معروف کاروباری جریدے فوربز نے 2020 میں سیاحت کے لیے 10 بہترین ممالک کی فہرست میں وطن عزیز پاکستان کا نام بھی شامل کرلیا۔

ایک رپورٹ میں امریکی جریدے کا کہنا تھا کہ بند ممالک اب کھل رہے ہیں اور لوگوں کو ان ممالک میں رسائی دی جارہی ہے۔

فوربز کی فہرست میں ارمینیا، چاڈ، ایریٹریا، گوئےٹیمالا، مونگولیا اور سعودی عرب بھی شامل ہیں۔

معروف ٹریول ایجنسی وائلڈ فرنٹیئرز کا حوالہ دیتے ہوئے جریدے نے نشاندہی کی کہ پاکستان کی جانب سفر کرنے کی لوگوں میں دلچسپی بڑھ رہی ہے بالخصوص برطانوی شہزادہ اور شہزادی کے حالیہ دورے کے بعد اس میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہے۔

وائلڈ فرنٹیئر کے بانی جونی بیل بی نے بتایا کہ پاکستان ایڈونچر کے لیے سب سے بہترین مقام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں قدیم سندھی تہذیب موجود ہیں جو 4 ہزار سال پرانی ہیں اور لاہور جیسے خوبصورت شہر ہیں جہاں قلعے، مساجد اور دیگر مقامات ہیں جبکہ سب سے اہم یہاں کے نظارے ہیں جو شمالی علاقوں کے ہیں، 3 بڑے پہاڑی سلسلے یہاں آپس میں ٹکراتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹریکنگ، پہاڑوں پر بائیکس چلانا، رافٹنگ یا صرف ثقافتی سیاحت کے لیے بہترین مقام ہے۔

انفراسٹرکچر کے حوالے سے کہنا تھا کہ پاکستان کے انفراسٹرکچر میں بہت بہتری آئی ہے، نئی سڑکیں، نئے ٹنلز کی وجہ سے سفر کا وقت بھی کم ہوگیا ہے جبکہ خطے میں نئے پرتعیش ہوٹل بھی کھل رہے ہیں۔