‘خطے میں امن خراب کرنے والے کسی بھی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے’

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ خطے میں امن خراب کرنے والے کسی بھی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے نجی ٹی چینل کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں ایرانی جنرل کشیدگی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی جنرل پر حملے کے بعد خطے کے حالات میں تبدیلی آئی اور اس معاملے پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بات چیت کی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آرمی چیف نے مائیک پومپیو سے کہا کہ خطہ خراب حالات سے بہتری کی جانب جا رہا ہے، کسی کسی ایسے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے خطے کا امن خراب ہو۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی چل رہی ہے، خطے میں مختلف ممالک کے درمیان کشیدگی کم ہونی چاہئے اور ڈائیلاگ سے آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف کا کہنا تھا پاکستان نے بہت قربانیوں کے بعد امن حاصل کیا ہے، ہم نے افغان سرحد کو محفوظ بنایا اور اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کا صفایا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان نے ہر وہ کام کیا جس سے خطے میں امن قائم ہو، افغان مصالحتی عمل کو خراب کرنے کی کوشش سے اجتناب کرنا چاہیے۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا خطہ 4 دہائیوں سے امن کے لیے کوششیں کرتا رہا ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف کا واضح مؤقف ہے کہ خطے کے امن کو خراب کرنے والے کسی بھی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔

بھارتی آرمی چیف کی پاکستان کو دھمکیوں پر ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف نئے ہیں اور اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ آرمی چیف کے عہدے پر نئے ہیں لیکن بھارتی فوج میں پرانے ہیں اور اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاکستانی فوج اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا بخوبی جانتی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کو چاہیے کہ دھمکیاں دینے کے بجائے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اور بھارت میں ہندوتوا کے پرچار کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ورنہ جس راستے پر بھارت چل رہا ہے وہ خود انہیں تباہی کی طرف لے جائے گا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود ہم نے ذمہ دار ریاست اور قابل افواج ہونے کا ثبوت دیا۔

سوشل میڈیا پر چلنے والے پاکستان مخالف بیانات پر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ دفتر خارجہ بھی اس حوالے سے واضح مؤقف دے چکا ہے، ملک دشمن افواہوں پر ہرگز توجہ نہ دیں، میڈیا اور عوام سے درخواست ہے کہ مصدقہ ذرائع کی بات پر یقین کریں۔