ثنا اللہ عباسی خیبرپختونخوا کے نئے انسپکٹر جنرل پولیس تعینات

وفاقی حکومت نےانسپکٹرجنرل پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر نعیم کو عہدے سے ہٹاکر ثنا اللہ عباسی کو نیا آئی جی تعینات کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نئے آئی جی کے پی کی تعیناتی کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

ثنا اللہ عباسی سابق آئی جی گلگت بلتستان رہ چکے ہیں۔ ان کے پیش رو ڈاکٹر محمد نعیم نے رواں برس 9 فروری کو آئی جی کے پی کے کا چارج سنبھالا تھا اور محض گیارہ ماہ بعد انہیں تبدیل کیاگیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیر اعظم خیبر پختونخوا پولیس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں اسی لیے انہوں نے ڈاکٹر نعیم کو عہدے سے ہٹایا۔

واضح رہے کہ حکومت نے 9 فروری 2019 کو چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نوید کامران بلوچ کو عہدے سے ہٹانے کے بعد صوبے کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس صلاح الدین خان محسود کا تبادلہ بھی کردیا تھا اور محمد نعیم خان کو خیبرپختونخوا کا نیا آئی جی تعینات کیا گیا تھا۔