صوبائی حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران یونین کونسل آبا خیل میں قبرستانوں کی889 کنال اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرالی۔
ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر کی طرف سے کوئی ڈیڑہ ماہ قبل آبا خیل میں لگائی گئی کھلی کچہری کے دوران مشران اور اہل علاقہ نے قبرستانوں کی اراضی پر ناجائز قبضے کی شکایات کی تھی جس پر محکمہ مال کے حکام کو فوری طور پر مذکورہ اراضی کی نشاندہی اور تجاوزات کے خاتمے کے احکامات جاری کئے گئے۔
قبرستانوں کی اراضی کی نشاندہی کے بعد ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سجاد حسین کی سربراہی میں محکمہ مال، ٹی ایم اے اور محکمہ بلدیات کے اہلکاروں نے پولیس کے تعاون سے بھاری مشینری کے ذریعے تجاوزات ہٹا دیں۔
ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر نے آبا خیل کا دورہ کیا اور قبرستانوں میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ قبرستان کی اراضی پر فصلیں کاشت کی گئی تھیں جنہیں تلف کردیا گیا ہے اوردیگر تجاوزات بھی ہٹا دی گئی ہیں.
اس کے علاوہ حد بندی کے لئے کنکریٹ برجیاں لگادی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے لئے واضح پیغام ہے کہ ضلعی انتظامیہ ایک انچ اراضی پر بھی غیر قانونی قبضہ برداشت نہیں کرے گی اورتجاوزات کھڑی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔