باڑہ، سپاہ ادبی ٹولنہ کے زیر اہتمام آزاد مشاعرہ

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے سپاہ سپین قبر چوک میں سپاہ ادبی ٹولنہ کے زیر اہتمام آزاد مشاعرہ نامور شاعر حاجی قندہار آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

مشاعرے میں شاہ احمد خکاری، ملگری لیکوالان ضلع خیبر کے صدر امید آفریدی اور نذیر آفریدی نے بطور مہمان خصوصی جبکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے سیاسی امور ضم شدہ اضلاع سینیٹر حاجی ایوب آفریدی، ضلع خیبر کے سینئر نائب صدر و سرپرست اعلی سپاہ ادبی ٹولنہ حاجی شرین آفریدی، اے این پی باڑہ کے صدر عمران جونیئر، پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن خیبر الیکشن کمیٹی کے چیئرمین عرفان آفریدی اور نائب صدر فہیم نیشنلسٹ آفریدی سمیت کثیر تعداد میں شعراء اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔

سینیٹر ایوب آفریدی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی اپنی اولین ترجیحات میں شامل کی ہے، شعراء و ادباء حضرات سمیت دیگر ہنرمندوں اور فنکاروں کے ساتھ خصوصی طور پر تعاون کیا جائے گا۔

ادھر خیبر پشتو ادبی جرگے کے زیر اہتمام لنڈیکوتل بازار میں بھی محفل مشاعرہ زیر صدارت حضرت اسلامی غرقاب منعقدہوا، نظامت نثار افکار اور تلاوت عاصم شنواری نے کی۔

کبیر شنواری نے گذشتہ مشاعرے کی روداد پڑھ کر سنائی، اسماعیل مقید نے غزل تنقید کیلئے پیش کی جو طویل بحث مباحثے کے بعد معیاری قرار پائی۔

مشاعرے میں ایک قرارداد پیش کی گئی کہ خاطر شنواری کے قتل کی جوڈیشل انکوائری کی جائے اور آئندہ کیلئے ایسی ظالمانہ حرکتوں سے گریز کیا جائے۔

مشاعرے میں وسیم اکرم ممتحن، عاطف پرہر، محمد شعیب، فدا نصیراللہ ہمدرد، کبیر خان کبیر، اقبال خیبر وال، سمین پتنگ، تواب شاہ مسرور اور دیگر نے حصہ لیا۔