ریسکیو 1122 کا باجوڑ میں خدمات کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز

خیبر پختونخوا ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 نے قبائلی ضلع باجوڑ میں ریسکیو سروسز کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

ریسکیو 1122 کا کنٹرول روم خار مین بازار میں قائم کیا گیا ہے جہاں سے ریسکیو اہلکار صدیق آباد، عنایت کلے، کامرس کالج، یوسف آباد، ناوے ڈ نڈ، حاجی لونگ اور منڈا کے نزدیکی علاقوں میں آپریشنل خدمات انجام دیں گے۔

ریسکیو 1122 باجوڑ کے ایمرجنسی آفیسر امجد خان نے چارج سنبھالنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد کی خصوصی ہدایت پر ایمرجنسی بنیادوں پر خار اور ناواگئی میں سٹیشنز پر کام تیزی سے جاری ہے، عوام کے لئے مین بازار خار میں کنٹرول روم قائم کیا ہے اور عوام ہر قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں قائم کردہ نمبرات 0942220847، 0942220848 اور 0942220850 پر کال کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ کچھ ہفتوں میں آگ سے بچاؤ سے متعلق تربیت فراہم کرنے کیلئے سکولوں، کالجز، یونیورسٹیز، سرکاری و پرائیوٹ اداروں میں بھی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

امجد خان کے مطابق بھرتی کا عمل بھی جاری ہے جبکہ خار میں ریسکیو1122 نے پہلے سے موجود افرادی قوت اور آلات سے سہولیات کا آغاز کیا ہے، آپریشنل گاڑیوں سمیت آلات کی خریداری بھی آخری مراحل میں ہے۔

ضم شدہ اضلاع میں بھرتی اور پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے کے بعد اہلکاروں کو ان اضلاع میں تعینات کیا جائے گا جس سے باجوڑ میں دونوں ریسکیو سٹیشنز سے عوام الناس کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کی جائیں گی۔