”قبائلی عوام قلم اور کتاب کے دوست ہیں”

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

ضلع خیبرمیں نوجوانوں کی تنظیم ٹرائبل یوتھ موومنٹ، نیشنل بک فاؤنڈیشن اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ایک روزہ کتابی میلے کا انعقاد کیا گیا۔

ضلع خیبرکے پوسٹ گریجویٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز میں منعقد کیے گئے کتابی میلے میں اسلامی کتابوں کے ساتھ ساتھ تاریخ، ادب اور باقی موضوعات پرمشتمل کتابیں بھی رکھی گئی تھی جن پر 10 سے 50 فیصد رعایت دی گئی تھی۔

کتابی میلے میں سینکڑوں طلباء کے ساتھ ساتھ شعراء اور ادیبوں نے بھی شرکت کی اور اپنی پسند کی کتابیں سستی قیمت پرخریدی۔

اس سلسلے میں ٹرائبل یوتھ موومنٹ کے مرکزی صدر خیال زمان اورکزئی اورعبد الرزاق نے بتایا کہ ضلع خیبرمیں کتابی میلے کا مقصد یہاں کتاب کلچر کو فروغ دینا اور لوگوں میں کتاب کی اہمیت کو اجاگرکرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انکی تنظیم ٹرائبل یوتھ موومنٹ سارے قبائلی اضلاع میں اس قسم کے کتابی میلوں کا انعقاد کرے گی اور دکھائیں گے کہ قبائلی عوام قلم اور کتاب کے دوست ہیں۔

میلے میں آئے ایک طالبعلم ذیشان آفریدی نے کہا کہ ضلع خیبرکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کتابی میلے کا انعقاد کیا گیا۔ ذیشان آفریدی نے ٹرائبل یوتھ موومنٹ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تنظیم آنے والے وقت میں بھی خیبرکے باقی علاقوں میں بھی کتابی میلوں کا انعقاد کریں گے۔